ملک بھر میں مون سون سیزن کا بھرپور انداز میں آغاز ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں ملک بھر میں بارشیں ہوئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سندھ، بلوچستان، پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سے سب سے زیادہ بارش میرپور خاص میں ہوئی، جہاں 56 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ لسبیلہ میں 35، پڈعیدن 33، کوئٹہ (سٹی 30 اور سمنگلی10) جب کہ کراچی میں سرجانی ٹا ون 27، جامعۃ الرشید 23، گلشن حدید 16، نارتھ کراچی 13، قائد آباد 12، کیماڑی 08، سعدی ٹاؤن 06، فیصل بیس 05، ایئر پورٹ، جناح ٹرمینل، ڈی ایچ اے فیز ٹو 04 اور اورنگی ٹاؤن 03 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اس کے علاوہ تخت بائی 24، سکھر 23، اسلام آباد(ایئر پورٹ 23، گولڑہ 11، سیدپور02)، مستونگ 21، ٹنڈو جام 20، بونیر 17، روہڑی 11، مظفر آباد (ایئر پور ٹ 11، سٹی08)، پشین 10، گجرات 09، حیدر آباد 08، ٹھٹہ اور نارووال 07 اور خیرپور 06 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ روز اورماڑہ ، خضدار، لورالائی، جیکب آباد، دادو، موہن جو داڑو، سکرنڈ، سیالکوٹ، مری ، رحیم یارخان ، حافظ آباد، دیر، کالام، بالا کوٹ، کوٹلی 05 اور گڑھی دوپٹہ میں بھی بارشیں ہوئیں۔
گزشتہ روز ہونے والی بارشوں سے سب زیادہ جانی نقصان بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہوا، جہاں مختلف حادثات و واقعات میں 7 افراد جاں بحق جب کہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
اس کے علاوہ مچھ میں 5 کانکُن سیلابی ریلےمیں بہہ گئے جن میں سے 2 کو بچا لیا گیا جب کہ 3کی تلاش جاری ہے، اسی طرح خضدار کے علاقے نال میں ایک نوجوان کو سیلابی ریلا بہا کر لے گیا۔
شدید بارش کے باعث برساتی ندی نالوں میں سیلابی صورت حال ہے جس کی وجہ سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں موسلا دھار بارش سے کورنگ نالے میں شدید طغیانی کے باعث 4 بچے پھنس گئے، جنہیں ریسکیو کرلیا گیا۔
نالہ لئی میں طغیانی کے باعث سیلابی پانی نشیبی علاقوں میں داخل ہوگیا، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پاک فوج کے دستے گوالمنڈی پل پر پہنچ گئے۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش سندھ میں ہوئی، میرپورخاص اور لاڑکانہ ڈویژنز میں ہونے والی بارش نے پانی کی قلت کو کسی حد تک کم کردیا ہے جب کہ عمر کوٹ اور تھر پارکر میں بھی خشک سالی کا خدشہ کسی حد تک دور ہوگیا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی بارش ہوئی ہے تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارش کا امکان نہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا دوسرا اسپیل 8 جولائی کی رات یا 9 جولائی کی صبح شہر میں داخل ہوگا۔
Article source: https://www.samaa.tv/news/40003097/