پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد رد عمل سامنے آ گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سلسلہ وار بیان میں مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر نے لکھا کہ آج کا فیصلہ اس سازش کا آخری وار ہے جس کا آغاز آئین کو ری رائٹ کر کے پنجاب حکومت پلیٹ میں رکھ بنچ کے لاڈلے عمران خان کو پیش کی گئی کہ لو بیٹا، توڑ دو تاکہ ہم جیسے سہولت کاروں کی موجودگی اور نگرانی میں تمہیں دوبارہ منتخب کیا جائے۔
اپنے ایک اور ٹویٹ میں ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ 2018ء میں جو کام جنرل (ر) فیض، جسٹس (ر) کھوسہ اور جسٹس (ر) ثاقب نثار نے انجام دیا تھا، وہ ذمہ داری اب مذکورہ بنچ نے اٹھا لی ہے۔ اس خوفناک اور ڈھٹائی سے کی گئی سہولت کاری اور ون مین شو کے خلاف سپریم کورٹ کی اکثریت نے بغاوت کر دی۔
مریم نواز نے آخر میں مزید لکھا کہ وقت آ گیا ہے کہ پارلیمنٹ اس سہولت کاری کو اپنے آئینی اور قانونی ہاتھوں سے روک دے۔
ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے فیصلہ مسترد کر دینا کافی نہیں ہے۔ آئین اور قانون کی دھجیاں اڑا کر لاڈلے کو مسلط کرنے کی کوشش کرنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے۔
ممکنہ نا اہلی کے حوالےسے ایک اور ٹویٹ میں لیگی نائب صدر نے کہا کہ تو ہو جائے! پہلے بھی حق بات کہنے کی پاداش میں ڈسکوالیفکیشز بھگتی ہیں، اب بھی بھگت لیں گے۔ یاد رہے کہ اقامہ جیسے مذاق پر نواز شریف کی نا اہلی آج بھی برقرار ہے۔ آپ کو شاید کالے ڈبوں میں منہ چھپا کر گھومنے والے بزدلوں کو دیکھنے کی عادت ہو گئی ہے۔
Article source: https://www.samaa.tv/news/40018716/