Domain Registration

چینی کے ذخیرہ اندوزوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، وزیراعظم

  • April 21, 2023

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں مصنوعی قلت پیدا کرکے چینی کی اسمگلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ،کسی کو بھی اشیاءِ ضروریہ بالخصوص چینی کی قیمت بڑھا کر ناجائز منافع خوری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار وزیرِ اعظم نے چینی کی قیمت، اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیرِ قومی غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ، نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس کو چینی کی موجودہ ایکس مل قیمت، وزارتِ غذائی تحفظ کی جانب سے اعدادو شمار کے بعد لگائی گئی لاگت کے تخمینہ اور چینی کے ملک میں موجودہ اسٹاکس کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن اور چینی کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی

وزیراعظم نے وزارت قومی غذائی تحفظ کو چینی کی ایکس-مل پرائس کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشاورتی عمل میں شامل کرنے کی ہدایت کی ۔

شہباز شریف نے چینی کے ذخیرہ اندوزوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ہدایت بھی کی جبکہ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے چینی کے پکڑے گئے سٹاکس کو صارفین کو سستے داموں فروخت کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ۔

Article source: https://www.samaa.tv/news/40019718/

Related News