Domain Registration

پی ٹی آئی چیئرمین کی ایک بار پھر احتجاج کی دھمکی

  • September 02, 2022

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے حکومت پر انتقامی کارروائیوں کا الزام لگایا اور دھمکی دی کہ اگر یہ باز نہ آئے تو انصاف کی تحریک اسلام آباد پہنچے گی، انہوں نے اپنے سپورٹرز کو حکومت مخالف تحریک کیلئے تیار رہنے کی ہدایت بھی کردی اور کہا کہ یہ حکومت مہنگائی کو کم کرنے نہیں بلکہ اپنے کرپشن کیسز کو ختم کرنے کیلئے آئی تھی۔

گجرات میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ہمیشہ عدلیہ کو مضبوط کرنے کی کوشش کی، عدلیہ کی عزت کی اور ہم ہمیشہ عدلیہ کو مضبوط کریں گے، ن لیگ والو اپنا منہ بند کرو، تم کبھی ایسی بات نہ کرنا کہ عمران خان پر توہین عدالت لگاؤ، نواز شریف نے ڈنڈوں سے عدلیہ پر حملہ کیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا ہے کہ قوم کو حقیقی آزادی کیلئے جگانے کی کوشش کررہا ہوں، اللّٰہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ قوم کو جگا دیا، پہلے شعور آتا ہے اور اس کے بعد انقلاب آتا ہے، انقلاب حقیقی آزادی کا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ نوجوانوں بڑا خواب دیکھا کرو، بڑی سوچ رکھا کرو، جو بڑا خواب دیکھتا ہے وہ انسان اوپر جاتا ہے، ہم نے سب سے پہلے اپنی قوم کو انصاف اور حقوق دینے ہیں، ہمیں حقیقی آزادی کی تحریک چلانی ہے، انصاف کا نظام ٹھیک کرنا ہے، ہم نے کمزور کو تحفظ دیکر آزاد کرنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان اس لئے گوارا نہیں تھا کہ وہ کہتا تھا ایبسلوٹلی ناٹ، عمران خان کسی کی غلامی ماننے کو تیار نہیں تھا، عمران خان اپنے لوگوں کیلئے فارن پالیسی بنانا چاہتا تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر بھارت روس سے 40 فیصد کم قیمت پر تیل خرید سکتا ہے تو ہم کیوں نہیں لے سکتے؟۔ موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہا تھا کہ امریکا ناراض ہو جائے گا اس لیے یہ روس سے سستا تیل نہیں لیں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ پچھلے ملٹری ڈکٹیٹر نے امریکا کے سامنے گھٹنے ٹیکے، 80 ہزار پاکستانی امریکی جنگ میں شہید ہوئے، امریکا سے کہتا ہوں ہم امن میں شریک ہیں جنگ میں نہیں۔

Article source: https://www.samaa.tv/news/40006725/

Related News